Monday, June 19, 2017

چیمپئنز ٹرافی جیت کے ساتھ ہی حسن علی کو بڑی خوشخبری مل گئی

دبئی -حسن علی کو چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا، پیسر پہلی مرتبہ ٹاپ 10 بولرز میں شامل ہو گئے جب کہ بیٹنگ میں بابر اعظم 5 ویں نمبر پر آگئے اورفخر زمان نے ٹاپ 100 میں شامل ہو کر دھماکہ خیز انٹری دیدی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بعد نئی رینکنگ جاری کردی گئی ہے، میگا ایونٹ میں دھاک بٹھانے والے حسن علی نے 12 درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹاپ 10 بولرز میں شمولیت اختیار کرلی ہے وہ اب 7 ویں پوزیشن پرآگئے ہیں جو کہ گزشتہ 10 سال میں کسی بھی پاکستانی پیسر کی بہترین رینکنگ ہے۔ پاکستانی پیسر محمد عامر نے 16 درجہ بہتری کے ساتھ 21 ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔ طویل عرصہ بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے جنید خان عمدہ کارکردگی کے باعث 9 درجہ بہتری کے ساتھ 47 ویں نمبر پرآگئے ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں فخر زمان نے دھماکہ خیز انٹری دی ہے، وہ صرف چار میچز کھیلتے ہوئے ٹاپ 100 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، پاکستانی اوپنر 97 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بابراعظم کیریئر میں 3 درجہ ترقی کے ساتھ پہلی مرتبہ 5 ویں نمبر پر آگئے ہیں، محمد حفیظ 20 ویں جب کہ اوپنر اظہر علی 11 درجہ بہتری کے ساتھ 311 ویں پوزیشن پر ہیں۔
رینکنگ میں میگا ایونٹ کی دیگر سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے پلیئرز کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے۔ بیٹنگ میں انگلینڈ کے جوئے روٹ چوتھے، الیکس ہلیز 17 ویں، ایون مورگن 18ویں اور جوز بٹلر 19ویں، بھارتی اوپنر روہت شرما 33 درجہ بہتری کےساتھ 10 ویں، بنگلا دیشی اوپنر تمیم اقبال 16 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بولنگ میں بھارت کے بھونیشور کمار 4 درجہ بہتری کے ساتھ 19 ویں، جسپریت بمرا 24 ویں جب کہ بنگلا دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ 3 درجہ بہتری کے ساتھ 15 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آل راﺅنڈرز رینکنگ میں 7 پوزیشن میں تبدیلی نہیں آئی، شکیب الحسن سرفہرست جب کہ محمد حفیظ بدستور دوسرے نمبر پر موجود ہیں، ویسٹ انڈین آل راﺅنڈر جیسن ہولڈر 2 درجہ بہتری کے ساتھ 8 ویں نمبر پر آگئے ہیں

Fariha Taj

0 comments: