شمالی کوریا کے سرکاری اخبار نے اپنے رہنما کم جانگ ان کی توہین پرامریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کو سزائے موت کا مستحق ٹھہراتے ہوئے انہیں ایک بزدل شخص قراردیا ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری اخبار’روڈونگ سنمن‘ نے اپنے اداریے میں امریکی صدر کے حالیہ دورہ جنوبی کوریا پر شدید تنقید کی اور جنوبی و شمالی کوریا کے سرحدی علاقے کا دورہ منسوخ کرنے پرانہیں بزدل شخص قرار دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سیئول میں خطاب کے دوران شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان کو ظالم آمراورموٹا بونا کہہ کر پکارا تھا، ٹرمپ کے اس خطاب کو اخبار نے شمالی کوریا کے رہنما کی توہین قرار دیتے ہوئے لکھا کہ امریکی صدرٹرمپ نے ہمارے ملک کے رہنما کی شان میں گستاخی کی ہے جو ایک بد ترین جرم ہے۔ اخبار نے مزید لکھا کہ ٹرمپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ ایک بھیانک مجرم ہیں جنہیں شمالی کوریا کے عوام سزائے موت سناچکے ہیں۔اخبار نے امریکی صدرکی جانب سے شمالی و جنوبی کوریا کے سرحدی پوائنٹ کا دورہ نہ کرنے پر بھی تنقید کرتے ہوئےلکھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی کہ انہوں نے خراب موسم کی وجہ سے سرحد کا دورہ نہیں کیا اس بات میں کوئی صداقت نہیں ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک بزدل ہیں ان میں جرأت نہیں ہے کہ وہ سرحد پرموجود ہمارے فوجیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال سکیں ۔واضح رہے کہ اپنے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کے رہنما پرمسلسل کڑی تنقید جاری ہے جس میں انفرادی طورپرہتک آمیز رویہ اختیار کیا جاتا رہا ہے جودونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافے کی بھی وجہ بنا ہوا ہے۔
0 comments: