Sunday, December 17, 2017

اپنے محسنوں کے گھر 8 سال سے آنے والی گلہری

ساؤتھ کیرولینا: امریکہ کے خوبصورت شہر گرین ویلی کاؤنٹی میں ایک گلہری گزشتہ 8 برس سے پابندی کے ساتھ اپنے محسنوں کے گھر آرہی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ اسی خاندان نے اس کی جان بچائی تھی۔
اکتوبر 2009 میں گلہری کی عمر مشکل سے ایک ماہ تھی کہ چند افراد نے اسے الو کا نوالہ بننے سے بچایا اور پھر اسے گھر میں پال کر بعد میں آزاد کردیا۔ الو کے دبوچنے سے وہ شدید زخمی ہوگئی تھی اور مرنے کے قریب تھی کہ جنگلی حیات کے اہلکاروں نے اس کی جان بچائی، زخموں کا علاج کیا اور اسے گرین ویلی میں برینٹلے ہیریسن خاندان کے حوالے کردیا۔ یہ خاندان جانوروں سے محبت کرتا ہے اور اس نے گلہری کا بھرپور خیال رکھا۔اس گلہری کو بیلا کا نام دیا گیا جو مزید بچ جانے والی تین گلہریوں لیری، کرلی اور موئی کے ساتھ اس گھر میں رہی۔ اس دوران انہیں سبزیاں، پھل اور خشک میوے کھلائے گئے اور اپریل 2010 میں  ان چاروں کو ان کے مسکن میں چھوڑ دیا گیا۔ اس کے بعد بیلا اور دیگر تین گلہریاں ان کے گھر آئیں لیکن بیلا نے خاندان سے ملنے کو معمول بنالیا اور اب یہ حال ہے کہ گھر کا کوئی فرد اسے یاد کرتا ہے تو وہ اسی دن یا اگلے دن گھر کے دروازے کے باہر بیٹھی ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں وہ گھر کی کھڑکی پر پھدکتی ہے اور گھر میں آکر اپنی خوشی کا اظہار کرتی ہے۔اسے پیٹھ تھپتھپانا اور چھونا پسند نہیں لیکن وہ گھر والوں کی گود میں بیٹھ کر کھانا پسند کرتی ہے۔ ہیریسن خاندان کے سربراہ اس کے لیے پابندی سے خشک میوے اور پھل لے کر آتے ہیں۔ اب وہ روزانہ ہی اپنے محسنوں کے گھر آتی ہے اور دروازے کے شیشے سے پالتو کتے سِڈ سے بھی ہیلوہائے کرتی ہے۔
اس گلہری کی محبت کو دیکھتے ہوئے اس کا تذکرہ خبروں میں آیا تو اس کے چرچے سوشل میڈیا پر بھی ہوئے اور دیگر لوگ بھی اس گلہری کو دیکھنے آرہے ہیں۔ اس کے بعد بیلا کو ایک مرتبہ پیر پر چوٹ لگی تو اسی خاندان نے اس کا علاج کیا اور دوبارہ چھوڑ دیا لیکن اس کے بعد وہ دوبارہ اسی گھر میں آئی اور اس نے تین بچوں کو جنم دیا۔ اس پر ہیریسن خاندان نے خوشی منائی اور جب یہ تین بچے بڑے ہوگئے تو انہیں ان کے قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا گیا۔
اب بھی بیلا ان کے گھر آتی ہے اور تمام اہلِ خانہ سے اس سے بہت خوش ہیں۔

Fariha Taj

0 comments: