کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ میں پانچ روز سے غائب رہنے والا ایک کسان ایک بھاری پتھر تلے دبا ہوا پایا گیا اور حیرت انگیز طور پر وہ کھائے پیے بغیر زندہ رہا۔
وسطی جنوبی افریقہ کے صوبے بیتلہم میں اومڈرائی کھیتوں پر ایک کسان لوئس اسٹارئرڈم معمول کے تحت کام کررہا تھا کہ ایک بڑی چٹان سرک کر اس کے کھیتوں پر آگری اور وہ اس چٹان کے نیچے دب گیا۔ اتفاق سے چٹان میں رخنہ تھا جس کے عین نیچے لوئس مکمل طور پر فٹ ہوگیا لیکن وہ ہلنے جلنے سے قاصر تھا۔جب لوئس گھر نہ آئے تو کئی کسان تنظیموں اور اس کے دوستوں نے تلاش شروع کردی اور آخر کار اس کی گاڑی انہیں دکھائی دی بعد ازاں اس کے قدموں کے نشان سے ان کا پیچھا کیا گیا تو معلوم ہوا کہ لوئس ایک پتھریلے قید خانے میں بند ہے۔
جیسے ہی مدد کرنے والے اس کے پاس پہنچے تو پہلے گمان ہوا کہ شاید کسان مرچکا ہے لیکن وہ زندہ تھا اور مدد طلب کررہا تھا، لوگوں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد اسے پتھر کے نیچے سے نکالا۔ لوئس کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی گئی تاہم ڈاکٹروں اور اس کے دوستوں کا کہنا ہے کہ غذا اور پانی کے بغیر مسلسل 5 دن تک پتھر کے نیچے دبے رہنے کے باوجود اس کا زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں، اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آخر وہ کس طرح چٹان کے نیچے دبا اور کس طرح کچلے جانے سے محفوظ رہا۔ اس کے بعد فوری طور پر اسے قریبی طبی مرکز میڈی کلینک لے جایا گیا جہاں اس میں پانی کی کمی دور کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا علاج کیا گیا۔
0 comments: