دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) نشے کے عادی کسی شخص سے پوچھئے کہ وہ اس بد عادت میں کیوں مبتلاءہے تو یقین کیجئے کہ وہ کوئی ایسی دلچسپ و عجیب توجیح بیان کرے گا کہ آپ حیران رہ جائیں گے۔ متحدہ عرب امارات کی ایک عدالت میں بھی کچھ ایسا ہی ماجرا پیش آ گیا، جہاں ایک نشئی کو جج کے سامنے پیش کیا گیا تو اس نے نشہ کرنے کی ایسی وجہ بیان کر دی کہ بیچارہ جج بھی سر پکڑ کر رہ گیا ۔
خلیج ٹائمز کے مطابق اس شخص پر ممنوعہ منشیات میتھامفیٹامین کرسٹل یا کرسٹل میتھ، جسے متحدہ عرب امارات میں شیبو کہا جاتا ہے، استعمال کرنے کا الزام تھا۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر یہ شخص اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے کہنے لگا کہ وہ ممنوعہ دوا کا استعمال اپنی تین بیویوں کو خوش رکھنے کے لئے کرتا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ ممنوعہ دوا ازدواجی فرائض کامیابی سے ادا کرنے میں اس کی بے حد معاون ثابت ہوئی ہے۔
عدالت میں اپنا موقف بیان کرتے ہوئے ملزم نے مزید بتایا ”جب میں نے تیسری شادی کی تو مجھے کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس پر میں نے ایک دوست سے مشورہ کیا۔ اس کے مشورے پر میں نے اپنی بیویوں کی شکایت دور کرنے کے لئے ممنوعہ دوا کا استعمال شروع کیا جو مسائل کو حل کرنے میں بہت معاون ثابت ہوئی اور میں نے اپنی بیویوں کی نظر میں دوبارہ عزت کا مقام حاصل کر لیا۔ یہ دوا پہلی بار مجھے میرے دوست نے ہی دی تھی اور اس نے کہا تھا کہ اس کے کوئی نقصانات نہیں ہیں۔ مجھے معلوم نہیں تھا کہ متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق اس دوا کا استعمال غیر قانونی ہے۔ دوا کے استعمال کے بعد میری بیویوں نے بھی واضح بہتری محسوس کی اور انہوں نے میری حوصلہ افزائی کی کہ میں اس کا استعمال جاری رکھوں۔“
ملزم کا موقف ہے کہ اسے دوا کے غیر قانونی ہونے کا علم گرفتار ہونے کے بعد ہوا اور وہ اس بات پر بھی پچھتا رہا ہے کہ کیوں اپنے دوست کی بات پر عمل کیا۔ اس نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ اس کی لاعلمی اور حماقت کی بناءپر عدالت اس سے نرمی کرے۔
0 comments: