Thursday, April 13, 2017

پاناما کیس کا فیصلہ آگیا

پاناما کیس کا فیصلہ آگیا
میرے لیے یہ خبر کسی دھماکے سے کم نہیں تھی کہ بالآخر پانامہ کیس کا فیصلہ آگیا ہے، میں نے فوری طور پر ٹی وی لگایا لیکن کیبل نہیں آرہی تھی، انٹرنیٹ پر سرچ کرنے کی کوشش کی لیکن انٹرنیٹ بھی کام نہیں کر رہا تھا، میرے اندر ہلچل سی مچی ہوئی تھی کہ آخر پاناما کیس کا فیصلہ کیا آیا ہوگا- میں نے جلدی سے موٹر سائیکل نکالی اور اپنے ایک دوست کی طرف بھاگا- وہاں پہنچ کر معلوم ہوا کہ وہ گھر پر نہیں، میں نے اسے موبائل پر کال کی تو پتا چلا کہ اس کا فون بند ہے- میری بے تابی بڑھتی جارہی تھی، میں نے فوری طور پر ایک دوکان والے سے پوچھا کہ کیا آپ کو پتا ہے پاناما کیس کا فیصلہ آگیا ہے؟ دوکاندار نے چونک کر میری طرف دیکھا" اچھا! کیا فیصلہ آیا ہے؟" اور میں سمجھ گیا کہ اس کو بھی کچھ پتا نہیں- میں نے بے چین ہوکر ایک انٹرنیٹ کیفے کا رخ کیا تاکہ وہاں سے انٹرنیٹ کے ذریعے فیصلے کے بارے میں جان سکوں، وہاں پہنچ کر پھر مایوسی ہوئی کیونکہ کیفے پر بڑا سا تالا لگا ہوا تھا اور ایک کاغذ پر لکھا تھا، وقفہ برائے نماز- میں وہیں بیٹھ گیا - ڈیڑھ گھنٹہ تک بھی جب وہاں کوئی نہ آیا تو میں نے ساتھ والے دوکاندار سے پوچھا کہ یہ انٹرنیٹ کیفے والے کب آئیں گے- اس نے منہ بنا کر کہا، پتا نہیں، ویسے دوماہ سے یہ کیفے بند ہے- میں نے بے اختیار اپنے بال نوچ لیے- اچانک مجھے یاد آیا کہ میں ڈائیوو بس اسٹینڈ کے قریب ہوں اور یہاں وائی فائی کی مفت سہولت ہوتی ہے- میں نے جلدی سے موٹر سائکل گھمایا اور ڈائیوو کے اڈے پہنچ گیا- یہاں اندر پہنچتے ہی خوشی سے میری باچھیں کھل گئیں کیونکہ وائی فائی کام کر رہا تھا- ویسے تو وہاں ٹی وی بھی لگے ہوئے تھے لیکن وہاں ان کے اپنے کمرشل چل رہے تھے- میں نے جلدی سے انٹرنیٹ آن کیا اور ایک نیوز چینل کی لائیو نشریات لگا لیں- پاناما کیس کا واقعی اعلان ہوچکا تھا اور نیوز کاسٹر بتا رہی تھی کہ فیصلہ سننے کے بعد مخالف پارٹی کے لوگوں نے احتجاج شروع کر دیا ہے اور فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا ہے- ٹی وی پر دکھایا جارہا تھا وہ پارٹی جو بار بار کہہ رہی تھی کہ ہم پاناما کیس کے فیصلے کو خوش آمدید کہیں گے اس کے لیڈر دھواں دار تقریر کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ یہ فیصلہ انصاف کے برخلاف ہے اور ہم اس پر احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔۔۔۔۔اس کے ساتھ ہی میری آنکھ کھل گئی۔۔۔۔۔۔یہ خواب اب تک میرے حواس پر سوار ہے ، پتا نہیں کیوں مجھے لگتا ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ آیا تو کچھ اسی قسم کا منظر دیکھنے کو ملے گا کیونکہ ہم لوگ اسی فیصلے کو انصاف مانتے ہیں جو ہمارے حق میں ہو۔۔۔۔انتظار کیجئے، کچھ ہی دنوں میں یہ بریکنگ نیوز آنے والی ہے کہ پاناما کیس کافیصلہ آگیا۔۔۔۔!!!

Fariha Taj

0 comments: