Wednesday, October 18, 2017

ختم نبوت ﷺ فارم میں ہونے والی تبدیلی سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں تو پھر اب تک مجرموں کو جیل میں کیوں نہیں ڈالا گیا :سینیٹر سراج الحق

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ختم نبوت ﷺ  کے فارم سے حلف نامے کو نکالنے میں حکومت کا کوئی تعلق نہیں تھا  تو پھر اب تک نبی  مہربان ﷺ  اور قومی مجرم اسمبلی میں کیوں بیٹھے ہیں؟ وہ وزیر ہوں یا مشیر، انہیں اسمبلی سے کیوں نہیں نکا لا گیا اور حکومت نے ابھی تک ان سے لا تعلقی کا اعلان کرکے انہیں جیل میں کیوں نہیں ڈالا؟  ہم اس وقت تک یہ تحریک جاری رکھیں گے جب تک اسلام آباد کے ایوانوں میں بیٹھے اور پردے میں چھپے چوروں کو سزا نہیں مل جاتی،ہم ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کے لیے غلامان مصطفیﷺ  کو اکٹھاکر رہے ہیں، اس ملک کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ میں ہے اور ملک کے 21کروڑ عاشقان مصطفی ﷺ اس کے لیے جان و مال کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

 پشاور میں ’’ ختم نبوت ﷺ کانفرنس‘‘  سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستا ن کی عوام ختم نبوت ﷺ کے تحفظ اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حکمران عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے مجرموں کی سرپرستی سے باز آجائیں اور اپنی صفوں میں موجود قادیانی لابی کو باہر نکال کر جیل میں ڈالیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ کی حکومت کے دوران ختم نبوت ﷺ  پر شب خون مارا گیااور تمام پارٹیاں خاموش بیٹھی رہیں،پاکستان کے عوام کے نمائندگی جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی صاحبزداہ طارق اللہ نے کی۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے بانی سید مودودیؒ کو قادیانی مسئلہ لکھنے پر پھانسی کی سزا سنائی گئی،ہم ختم نبوت ﷺ کے تحفظ اور پاسبانی کے لیے مو ت سے ڈرنے والے نہیں اور مسلمانوں کے عقیدہ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو معاف کرنے کے لیے تیارنہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ  کے فارم سے حلف کو نکالنے والوں کی سازش کو عوام اچھی طرح پہچان چکے ہیں ۔انہوں نے کہا ظلم و جبراور کرپشن کے خلاف عوام متحد ہیں،جماعت اسلامی کرپشن فری تحریک جار ی رکھے گی ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم اس ملک میں امریکہ کے آلہ کاروں ، عالمی اسٹیبلشمنٹ کے وفاداروں ، لینڈ اور ڈرگ مافیا اور کرپشن کے بڑے مجرموں کے خلاف جنگ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کا انتخابی نشان ترازو عدل و انصاف کا نشان اور مظلوموں اور مجبوروں کی امیدوں کا مرکز ہے ۔ عوام 26 اکتوبر کو ترازو کے نشان کو کامیاب کرائیں تاکہ ملک میں اللہ کے احکامات کے مطابق فیصلے کرنے والوں کے ہاتھ مضبوط ہوں ۔

Fariha Taj

0 comments: