اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مذہبی جماعت کے دھرنے میں اسلام آباد پولیس کا کل خرچہ 19 کروڑ 55 لاکھ روپے آیا جبکہ میٹرو اسٹیشن کی توڑ پھوڑ اور بندش کے باعث 6 کروڑ 60 لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا ہواجبکہ مجموعی طور پر حکومت کو یہ دھرنا 26کروڑ روپے سے زائد میں پڑاہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق 22 روز تک جاری رہنے والے دھرنے کی قیادت اور حکومت کے درمیان ہونے والے معاہدے کے مطابق یہ سارا نقصان وفاقی اور پنجاب حکومت برداشت کرے گی یعنی عوام کے دیے گئے ٹیکس کا پیسہ لگے گا۔ اسلام آباد پولیس وزارت داخلہ کو خرچے کی فہرست ایک دو روز میں جمع کرائے گی۔
دھرنے کے دوران پولیس جوانوں کے کھانے پر 9 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچہ آیا جبکہ پیٹرول پر 2 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ جڑوں شہروں میں حفاظتی اقدامات کے تحت کنٹینرز لگا نے پر 6 کروڑ روپے لگے جبکہ اسلام آباد انتظامیہ نے سیکیورٹی اہلکاروں کی رہائش کے لیے جو عمارتیں کرائے پر لیں ان پر 20 لاکھ کا خرچہ آیا۔اس کے علاوہ دھرنے کے دوران مختلف اشیاءکی خرید پر بھی 15 لاکھ روپے لگے۔22دن میٹرو کی بندش اور فیض آباد، شمس آباد اسٹیشنز کی توڑپھوڑ سے 6 کروڑ 60 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
0 comments: