بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے بالی ووڈ کی چائلڈ اسٹار زائرہ وسیم کے ساتھ حال ہی میں دوران پرواز پیش آنے والے واقعے پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
ویرات کوہلی نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
ویرات کوہلی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ واقعہ انتہائی پریشان کن ہے اور جو لوگ ایسے معاملات کو نظر انداز کردیتے ہیں اور اس کے خلاف آواز نہیں اٹھاتے وہ بزدل ہیں۔
کوہلی نے کہا کہ ’’جو لوگ تماشہ دیکھتے ہیں وہ مرد نہیں، اگر ایسا ہی کچھ ان کے گھر کے کسی فرد کے ساتھ ہوگا تو وہ کیا کریں گے‘‘؟کرکٹر کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ انتہائی خوفناک رجحان ہے کہ لوگ چھوٹے لباس پہننے والی لڑکیوں کو ہی ان کے ساتھ ہونے والے سلوک کا ذمہ دار قرار دے دیتے ہیں۔
ویرات کوہلی نے اپنے ملک کے ان سیاستدانوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو اپنے بیانات کے ذریعے اس عمل کی حمایت کرتے ہیں۔
بھارتی کرکٹ کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں ایسے معاشرے کا حصہ ہونے پر شرم محسوس ہوتی ہے۔
ویرات کوہلی نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ دوسروں کو عزت دیں اور خاص طور پر خواتین کے ساتھ ہمدردانہ سلوک کریں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ’’خود کو اس جگہ رکھ کر سوچیں کہ اگر آپ کے ساتھ ایسا ہوا تو کیسا محسوس ہوگا‘‘؟خیال رہے کہ چند روز قبل بالی وڈ چائلڈ اسٹار زائرہ وسیم نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ انہیں دوران پرواز جنسی طور پر ہراساں کیا گیا ہے۔
چائلڈ اسٹار زائرہ وسیم نے انسٹاگرام پر لائیو ویڈیو چیٹ میں روتے ہوئے کہا کہ دہلی سے ممبئی پرواز کے دوران انہیں ایک شخص نے ہراساں کیا ہے۔
بعد ازاں 39 سالہ ملزم کو پولیس نے ممبئی میں واقع اس کے گھر سے گرفتار کرلیا تھاجس کی شناخت بزنس مین وکاش سچ دیو کے نام سے ہوئی تھی جسے ہوائی جہاز کے ٹکٹ کی مدد سے پکڑا گیا۔
0 comments: