دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز شیکھر دھون کی اہلیہ اور بچے کو دبئی ائیر پورٹ پر ساؤتھ افریقہ جانے والی فلائٹ میں سوار ہونے سے روک دیا گیا ،بھارتی کرکٹر اپنے اہل خانہ کے بغیر ہی ساؤتھ افریقہ روانہ ہو گئے ،شیکھر دھون کا نجی ائیر لائنز پر شدید اظہار ناراضگی ۔
یہ بھی پڑھیں:پارٹی میں شریک یووراج سنگھ کی ظہیر خان کی اہلیہ کیساتھ ایسی تصویر سوشل میڈیا پر ’لیک‘ ہو گئی کہ طوفان برپا ہو گیا، یووراج سنگھ کی بیوی ہیزل کیچ کیلئے غصہ سنبھالنا مشکل ہو گیا
تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر کھلاڑی شیکھر دھون دورہ جنوبی افریقہ کے لئے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دبئی پہنچے تھے جہاں انہوں نے نجی ائیر لائن کی پرواز سے کیپ ٹاؤن روانہ ہونا تھا تاہم ائیر لائن کے عملے نے ان کے کم سن بچے کا پیدائشی سرٹیفکیٹ طلب کیا جو ان کے پاس موجود نہ تھا جس کی وجہ سے ائیر لائن کے عملے نے ان کی بیوی اور بچے کو جہاز میں سوار ہونے سے روک دیا اور کہا کہ جب تک برتھ سرٹیفکیٹ نہیں دکھایا جاتا اس وقت تک انہیں جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔شیکھر دھون سخت پابندی کے بعد اپنی بیوی اور بچے کو دبئی ائیر پورٹ پر اکیلے چھوڑ کر ساؤتھ افریقہ روانہ ہو گئے تاہم بھارت سے مطلوبہ کاغذات آنے پر ان کی بیوی اور بچے کو بھی ساؤتھ افریقہ جانے کی اجازت دے دی جائے گی ۔
شیکھر دھون جو کیپ ٹاؤن پہنچ گئے ہیں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے ائیر لائن کی اس پالیسی پر سخت اظہار ناراضگی کیا اور کہاکہ ایئر لائنز کی جانب سے ان کے ساتھ روا رکھا گیا رویہ مکمل طور پر غلط ہے،میں اپنے خاندان کے ساتھ جنوبی افریقہ کی طرف روانہ ہو رہا تھا کہ تبھی ہمیں یہ بتایا گیا کہ میری بیوی اور بچے دبئی سے جنوبی افریقہ کے لئے پرواز میں نہیں جا سکتے ہیں،مجھے میرے بچے کی پیدائش سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات دکھانے کو کہا گیا جوکہ اس وقت ہمارے پاس نہیں تھے،میرے اہل خانہ اب دبئی ایئر پورٹ پر ہی دستاویزات کے پہنچنے کا انتظار کر رہے ہیں۔شیکھر دھون نے اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ ایئر لائنز نے ہمیں اس بات کی اطلاع پہلے کیوں نہیں دی جب ہم ممبئی سے دبئی کے لئے روانہ ہوئے تھے؟۔واضح رہے کہ حال ہی میں مشہور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما سے شادی کرنے والے ورات کوہلی کی قیادت میں2ماہ کے طویل دورے پر انڈین کرکٹ ٹیم آج علی الصبح جنوبی افریقہ پہنچ چکی ہے جہاں وہ 3ٹیسٹ ،6ون ڈے اور 3 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی ۔
0 comments: