Thursday, January 11, 2018

اگر گاڑی چلاتے ہوئے آپ سڑک پر پیدل چلنے والوں پر کیچڑ اچھالیں تو برطانیہ میں اس حرکت پر کتنا جرمانہ ہوتا ہے؟ اتنا زیادہ کہ جان کر پاکستانیوں کو یقین نہیں آئے گا ایسا بھی ممکن ہے

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)ہمارے ہاں سڑک پر پانی جمع ہو تو کار سواروں کو پیدل چلتے راہ گیروں کی چنداں پرواہ نہیں ہوتی، بلکہ کچھ عاقبت نا اندیش تو پانی میں سے جان بوجھ کر تیز گاڑی گزارتے اور پیدل چلنے والوں کو تربتر کرکے نکل جاتے ہیں۔ برطانیہ میں ایک کارڈرائیور کو یہی کام کرنے پر اتنا بھاری جرمانہ کر دیا گیا ہے کہ سن کر آپ کو یقین نہیں آئے گا۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی کیمبرج شائر کاﺅنٹی کے شہر سینٹ آئیوس میں ایک ماں اپنے دو کم سن بچوں کے ہمراہ پیدل سڑک کنارے جا رہی تھی اور وہاں سڑک پر پانی جمع تھا۔ ایسے میں ایک کار سوار آیا اور پانی میں سے تیزی کے ساتھ گاڑی گزاری جس سے خاتون اور اس کے بچوں پر پانی کے چھینٹے جا گرے اور ان کے کپڑے خراب ہو گئے۔
خاتون نے اس واقعے کی پولیس کو رپورٹ کر دی جس نے ڈرائیور کو 5ہزار پاﺅنڈ (تقریباً ساڑھے 7لاکھ روپے) جرمانہ کر دیا۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ”یہ واقعہ 4جنوری کو سہ پہر کے وقت ہوا۔ بارش کی وجہ سے سڑک کنارے پانی جمع تھا اور اس ڈرائیور نے جان بوجھ کر اس پانی میں سے گاڑی گزاری حالانکہ سڑک پر صاف جگہ موجود تھی لیکن ناقابل یقین طور پر اس ڈرائیور نے گاڑی پانی میں سے گزار کر خاتون اور اس کے بچوں کو گیلا کر دیا جو کہ فٹ پاتھ پر جا رہے تھے۔“واضح رہے کہ برطانیہ کے روڈ ٹریفک ایکٹ 1988ءکے تحت پیدل راہگیروں کا لحاظ کیے بغیر ڈرائیورنگ کرنا جرم ہے اور ایسی کسی بھی بے احتیاطی پر ڈرائیور کو سزا اور جرمانہ ہو سکتا ہے جس سے راہگیروں کو کوئی تکلیف پہنچے۔“

Fariha Taj

0 comments: