Monday, July 24, 2017

فیروزپور روڈ پر دھماکے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 19 افراد شہید

لاہور۔ فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں  فیروزپور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب سبزی منڈی کے علاقے میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جن میں سے 7 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق ایک گاڑی آکر رکی جس کے بعد زوردار دھماکا ہوگیا اور وہاں کھڑی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں میں آگ لگ گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کے مطابق حملے میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہےاور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کے دستے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فارنسک ماہرین نے موقع پر پہنچ کر دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں پولیس اور مقامی انتظامیہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مصروف تھی۔ پنجاب حکومت کے مطابق ارفع کریم ٹاور کے قریب پرانی عمارتوں کو بھی گرایا جارہا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کوٹ لکھپت سبزی منڈی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو دھماکے کی جگہ پر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ پنجاب نے دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا تھا جس کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی:۔

Fariha Taj

0 comments: