اداکارہ میرا کی تیسری شادی کا راز فاش ہو گیا
لاہور۔ لالی ووڈ اداکارہ میرا نے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اگر یہ خبر سچ ہے تو یہ مبینہ طور پر ان کی ’تیسری شادی‘ ہو گی۔ اس سے قبل شیخ عتیق اور کیپٹن نوید سے بھی ان کی مبینہ شادیوں کی خبریں میڈیا کی زینت بنتی رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ میرا ان دنوں اپنی ’تیسری شادی‘ کی تیاریوں میں پوری طرح مصروف ہیں۔ تاہم ان کی کوشش ہے کہ جس طرح بھی ممکن ہو سکے اس خبر کو میڈیا سے چھپایا جائے۔ اس لیے شادی کی تقریب میں چند قریبی دوست، عزیز واقارب اور اہلخانہ ہی شرکت کرینگے۔ اس مبینہ شادی کی تقریب کا اہتمام لاہور کے علاقے ڈیفنس میں میرا کی رہائشگاہ پر ہی کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں اداکارہ میرا کے قریبی خاندانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شادی کے کارڈز چھپ چکے ہیں جنھیں رواں ہفتے ہی تقسیم کر دیا جائے گا۔ اداکارہ میرا نے اس اہم معاملے میں اپنے والدین اور دیگر فیملی ممبرز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ شادی سے متعلق کسی قسم کی تفصیلات کسی کو نہ بتائیں اور جس حد تک ممکن ہو اس کو چھپایا جائے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق اداکارہ میرا ان دنوں جیولری اور کپڑوں کی خریداری میں مصروف ہیں۔ اگرچہ شادی کی تقریب کا اہتمام گھر پر ہی ہوگا تاہم انہوں نے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں بھی بکنگ کرا رکھی ہے۔
خیال رہے کہ میرا ہمیشہ اپنی گزشتہ مبینہ شادیوں سے انکار کرتی آئی ہیں۔ ایک دفعہ انہوں نے کہا تھا کہ جب بھی انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا، میڈیا ان کے راستے کی دیوار بنا، اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کے پلانز کے بارے میں کسی کو کچھ نہیں بتائیں گی:۔
0 comments: