سری نگر(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی پارلیمنٹ پر نام نہاد حملے کا الزام لگا کر شہید کئے جانے والے کشمیری رہنما افضل گورو کے بیٹے غالب گورو نے ایک بار پھر کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے ہیں ، انہوں نے انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں86فیصد نمبر حاصل کئے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ وہ امراض قلب کے ڈاکٹر بننا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افضل گورو شہید کے بیٹے غالب گورو نے بارہویں جماعت کے امتحان میں86فیصد نمبر حاصل کئے ہیں. ان کا کہنا تھا کہ میں میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہوں اور میرے والد افضل گورو کی بھی یہی خواہش یہی تھی کہ میں امراض قلب کا ڈاکٹر بنوں , میں اپنے والد کی خواہش کی تکمیل کروں گا۔ غالب گورو نے اپنے والد کی شہادت کے بعد میڑک کا امتحان دیا تھا ، جس میں انہوں نے 91فیصد نمبر حاصل کئے تھے۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحان میں غالب کی کامیابی کی خبر کے بعد بڑی تعداد میں شہری مقبوضہ کشمیر کے قصبے سوپور میں موجود ان کے گھر میں مبارکباد دینے کے لئے آرہے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے۔
میڈیکل کالج میں داخلے کے لئے غالب گورو کو NEETاور دیگر امتحان بھی پاس کرنا ہوں گے تاہم انہوں نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان امتحانات میں بھی کامیابی حاصل کریں گے کیوں کہ انہیں اپنے والد افضل گورو کے خوابوں کی تکمیل کرنا ہے۔
0 comments: