کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی تیسری خفیہ شادی سے متعلق آئے روز مختلف خبر یں سامنے آرہی ہیں تاہم تحریک انصاف ابھی تک شادی کی خبروں کی تردید کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہے جبکہ اس حوالے سے نکاح پڑھانے والے مفتی سعید کی خاموشی بھی حیران کن ہے جسے خبر دینے والے صحافی عمر چیمہ شادی ہونے کا مثبت اشارہ سمجھتے ہیں ۔
تفصیل کے مطابق جمعہ کو راولپنڈی میں مفتی سعید نے مسجد میں نماز پڑھائی اور لوگوں کے مسائل پر مبنی سوالات کے جواب بھی دئیے ،نماز کی ادائیگی کے بعد جب مفتی سعید مسجد سے نکلے تو نجی نیوز چینل کے صحافی اعزاز سید نے مفتی سعید سے سوال کیا کہ کیا ”نکاح کو خفیہ رکھنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ “مفتی سعید صحافی کے سوال سن کر چلتے رہے جبکہ اعزاز سید بھی ان کے ساتھ ساتھ چلتے رہے ۔
اس موقع پر ان کے ارد گرد مفتی سعید کے رفقا ءنے اعزاز سید کے سوال پر انہیں روکنے کی کوشش کی اور کہا کہ آپ مفتی صاحب سے یہ سوال نہ کریں ہم اس کا جواب دے دیتے ہیں ۔اعزاز سید مسلسل مفتی سعید کے ساتھ ساتھ چلتے رہے اور اپنا سوال کرتے رہے لیکن مفتی سعید نے جواب نہ دیا اور اپنی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو گئے ۔
0 comments: