بیٹھے بٹھائے بھاری رقم ہاتھ آنے کا امکان ہو تو انسان کیا کچھ کرسکتا ہے اس کا اندازہ آپ اس برطانوی لڑکی کی چالاکی سے کرسکتے ہیں، جس نے انعام کی رقم لینے کے لئے اپنے کار چور بوائے فرینڈ کی پولیس کو مخبری کردی۔
چانس مونجین نامی نوجوان نے جولائی میں نیشول کے علاقے میں ائیرپورٹ سے کار چوری کی تھی ۔ پولیس نے اسے ڈھونڈنے کی بہت کوشش کی لیکن کامیابی نہ ہوئی، جس کے بعد ملزم کی تصویر اور اس کے بارے میں اطلاع دینے والے کے لئے بھاری انعام کا اشتہار اخبارات میں شائع کروا دیا گیا۔ اس اشتہار کا شائع ہونا تھا کہ میٹرو نیشول پولیس کو کرسٹی کاڈویل نامی ایک لڑکی کی کال آ گئی۔ اس کا کہنا تھا ”میں گاڑی چوری کرنے والے شخص کو جانتی ہوں اور چوری ہونے والی گاڑی کے بارے میں بھی مجھے معلوم ہے کیونکہ میں اس وقت اسی گاڑی بیٹھی ہوں۔ میں اس گاڑی کی لوکیشن اور اسے چرانے والے نوجوان کے متعلق سب کچھ بتادوں گی لیکن پہلے مجھے انعام کی رقم چاہیے۔“ میٹرونیشول پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے کرسٹی کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ پہلے مجرم کو پکڑوا دے، تب ہی اسے انعام مل سکے گا، لیکن وہ پہلے انعام لینے پر بضد رہی۔ اسی دوران پولیس نے اس کی کال ٹریس کرکے لوکیشن کا اندازہ لگانے کی کوشش شروع کردی اور بالآخر پولیس اہلکار اس تک پہنچ گئے۔ پولیس نے گاڑی قبضے میں لے لی اور چور کو بھی گرفتار کر لیا، لیکن کرسٹی کا کا لالچ اس کے کسی کام نہ آیا۔ پولیس نے اسے کار چور کی ساتھی اور مددگار قرار دے کر گرفتار کرلیا ہے۔ میٹرو نیشول پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے جرم کے بعد مجرم کی مدد کی اور بعدازاں اس کی گرفتاری میں رکاوٹ بننے کی کوشش کی جس کی بناءپر اعانت جرم کے الزام میں اس کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
0 comments: