Wednesday, November 15, 2017

میں کوئی ’’روبوٹ ‘‘ تھوڑی ہوں کہ مجھے آرام نہیں چاہئے ؟ ابھی کرکٹ سے دور ہونے کا کوئی ارادہ نہیں :ورات کوہلی

کلکتہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اِن فارم کپتان ورات کوہلی نے کہا ہے کہ میں کوئی ’’روبوٹ ‘‘ تھوڑی ہوں کہ مجھے آرام نہیں چاہئے لیکن سردست میرا آرام کو کوئی ارادہ اور موڈ نہیں ہے ،جب میں نے سمجھا کہ مجھے آرام کی ضرورت ہے تو میں بھارتی کرکٹ بورڈ سے خود ہی بات کر لوں گا، میرے کرکٹ سے دور ہونے کی تمام باتیں اور قیاس آرائیاں درست نہیں ۔
بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق سری لنکا کے خلاف جمعرات سے کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ورات کوہلی نے اپنے بارے چلنے والی ان خبروں کو جن میں کہا گیا تھا کہ ورات کوہلی اب کچھ عرصہ کھیل کے میدان سے باہر اور اپنی دوست انوشکا شرما کے ساتھ شادی کرنے کے لئے کچھ عرصہ میدان کرکٹ سے دور ہو سکتے ہیں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا میدان کرکٹ سے دور ہونے اور آرام کرنے کے بارے چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔ورات کوہلی کا کہنا تھا کہ ایک کرکٹر اور کسی بھی انسان کو یقینی طور پر آرام کی ضرورت ہوتی ہے ،میں بھی ایک انسان ہوں کوئی روبوٹ نہیں ،انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ میرے جسم کو ہاتھ لگا کر دیکھ سکتے ہیں ،اس میں بھی خون گردش کرتا ہے،مجھے بھی آرام کی ضرورت ہے اور آرام کیوں نہیں کرنا چاہئے ؟تاہم ابھی میرا آرام کرنے اور میدان کرکٹ سے دور ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ورات کوہلی کا کہنا تھا کہ جب مجھے لگے گا کہ میرے جسم کو آرام کی ضرورت ہے ،میں اس کے بارے ضرور بورڈ سے بات کروں گا ،میرا خیال ہے کہ لوگوں اور میڈیا کو یہ بات سمجھنی چاہئے ،سب لوگ ہی آرام اور کھیل کے بوجھ کی بات کرتے ہیں ،سب ہی یہ بات کرتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو آرام دینا چاہئے ،ہر کھلاڑی سال میں مسلسل کئی میچ کھیلتا ہے ،سبھی کو آرام کی ضرورت ہے لیکن سب کو اس کی سمجھ ہونی چاہئے کہ کوئی بھی کھلاڑی سال بھر مسلسل کرکٹ نہیں کھیلتا ،پورا سال کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑی کی فٹ نس پر توجہ اور نظر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ورات کوہلی کا کہنا تھا کہ ہر کسی کو یہ بات نظر آتی ہے کہ کوئی کھلاڑی مسلسل کھیل رہا ہے لیکن اصل میں اس چیز پر نظر رکھنی چاہئے کہ مسلسل کھیلنے والے کھلاڑی کی میدان میں کارکردگی کیا ہے ؟ جو لوگ کھلاڑیوں کے آرام کی بات کرتے ہیں انہیں اس بات کی طرف دھیان دینا چاہئے کہ کسی کھلاڑی نے میدان میں کتنے رنز بنائے یا کن مشکل حالات میں کیسی باؤلنگ کی ؟۔انہوں نے کہا کہ جسم پر کن باتوں کا اثر پڑتا ہے ؟ہمیں اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن تنقید کرنے والے ان باریکیوں پر توجہ نہیں دیتے اور کھلاڑیوں کو آرام کرانے کی باتیں شروع کردیتے ہیں۔بھارتی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہمیں کھلاڑی پر کام کے بوجھ کو دیکھنا چاہئے لیکن ہرکوئی ان باتوں کو نہیں سمجھتا،ہم نے20 سے 25 کھلاڑیوں کی ایک مضبوط ٹیم تیار کی ہے اور ہم اہم کھلاڑیوں کو ضرورت کے وقت گنوا نہیں سکتے۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کے کپتان ورات کوہلی تینوں طرز کی کرکٹ مسلسل کھیل رہے ہیں اور اچھی فارم میں بھی ہیں جبکہ انڈیا اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل ( جمعرات کے روز سے) کلکتہ کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔

Fariha Taj

0 comments: